Thursday, 30 August, 2007, 00:59 GMT 05:59 PST
دہشت گردی سے نمٹنے کے قواعد نے فرانس کے ایک ائر پورٹ پر اس وقت عجیب صورتِ حال پیدا کر دی جب ویٹیکن کے نئے چارٹرڈ طیارے پر سوار زائرین سے کہا گیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر وہ جہاز میں آبِ مقدس نہیں لے جا سکتے۔
جنوبی فرانس میں لارڈیس ائرپورٹ پر اہلکاروں کا کہنا تھا کہ لارڈیس میں مقدس زیارت گاہ سے حاصل کردہ پانی کی بوتلیں دہشت گردی کے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں۔
زائرین سے کہا گیا کہ زیادہ سے زیادہ وہ ایک سو ملی لیٹر کی مقدار میں پانی کی بوتلیں جہاز میں لے جا سکتے ہیں۔اگر بوتلوں میں پانی اس مقدار سے زیادہ ہوگا تو آبِ مقدس جہاز کے دستی سامان میں نہیں جا سکے گا۔
ہوائی اڈے پر سکیورٹی اہلکاروں نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف عالمی قواعد پر عمل کرتے ہوئے زائرین کو آبِ مقدس دستی سامان میں لے جانے سے روک رہے ہیں۔
سنہ دو ہزار دو میں برطانوی پولیس کے اس دعوے کے بعد کہ امریکہ جانے والی پروازوں کو مائعات سے بنے ہوئے دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی سازش کی گئی ہے، جہازوں پر مسافروں کے دستی سامان میں مائعات کی مقدار پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
فرانسس پیٹزو نے جو مسٹرل ائر کے صدر ہیں کہا کہ ان کی کمپنی کو عالمی سطح پر نافذ قواعد کا احترام کرنا ہے۔
اس صورتِ حال کے پیشِ نظر فضائی کمپنی نے لارڈیس سے واپسی کے لیے جہاز پر سوار ہرمسافر کو کنواری مریم کی شکل کی بنی ہوئی آبِ مقدس کی ایک چھوٹی بوتل فراہم کر دی
مسٹرل ائر نے روم سے لارڈیس تک کے لیے پیر سے پروازیں شروع کی ہیں اور اس کا منصوبہ ہے کہ وہ اپنی پروازیں رومن کیتھولک کی دیگر زیارات تک وسیع کرے گی۔