Friday, 24 August, 2007, 07:46 GMT 12:46 PST
سینیٹ آرمڈ سروس کمیٹی کے سابق چیئرمین سینیٹر جان وارنر نے کہا ہے کہ اگرچہ امریکی افواج کی وجہ سے عراق میں سیکیورٹی کی صورتِ حال بہتر ہوئی ہے لیکن اس سلسلے میں عراقی حکومت کی اپنی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو اب یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ غیرمشروط طور پر عراق کے لیے ذمہ دار نہیں ہے اور کرسمس سے پہلے پانچ ہزار امریکی افواج کا انخلا عراقی حکومت کے لیے ایک واضح سگنل ہوگا۔ تاہم سینیٹر وارنر کا کہنا ہے کہ انخلا کے اوقاتِ کار کا تعین صدر کو ہی کرنا چاہیے نہ کہ سینیٹ کو۔
انہوں نے یہ بات امریکی انٹیلیجنس کی ایک حالیہ رپورٹ کے جاری کئے جانے کے بعد کہی جس میں کہا گیا ہے کہ عراقی رہنما حکومت کو چلانے میں ناکام ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں عراق میں امریکی افواج میں ’کچھ اضافے‘ کے بعد جزوی فوجی کامیابی ہوئی ہے تاہم عراقی سیکیورٹی فورسز اب بھی امریکی افواج کی مدد کے بغیر تحفظ یقینی نہیں بنا سکتیں اور سنی اور شیعہ تقسیم ابھی تک عدم استحکام کا سبب ہے۔ رپورٹ میں اگلے چھ سے بارہ ماہ میں صورتِ حال مزید بگڑنے کی پیشین گوئی بھی کی گئی ہے۔
نیشنل انٹیلیجنس ایسٹیمیٹ نامی رپورٹ امریکہ کی سولہ انٹیلیجنس ایجنسیوں نے مل کر مرتب کی ہے۔ اسے صدر بش کے اس بیان کے ایک ہی دن بعد جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے عراقی وزیرِ اعظم نوری المالکی کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ ایک اچھے آدمی ہیں جو ایک مشکل کام کررہے ہیں۔‘