Thursday, 23 August, 2007, 02:22 GMT 07:22 PST
اقوام متحدہ کے تحت کام کرنے والے عالمی ادارہِ صحت یعنی ڈبلیو ایچ او کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وبائی امراض کا پھیلاؤ پہلے سے کئی زیادہ تیزی کے ساتھ ہو رہا ہے۔
سالانہ دو ارب دس کروڑ لوگ ہوائی سفر کرتے ہیں، جس سے ایڈز، سرس (سانس کی بیماری) اور مہلک ایبولا بخار کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
محفوظ مستقبل کے عنوان کے تحت جاری کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی بیماریاں جس رفتار سے سامنے آ رہی ہیں اس کی تاریخ میں پہلے کوئی نظیر نہیں ملتی۔
انیس سو ستر سے اب تک انتالیس نئی بیماریاں سامنے آئی ہیں جبکہ پچھلے پانچ سالوں میں ڈبلیو ایچ او نے پولیو، ہیضہ اور برڈ فلو سمیت ایک ہزار ایک سو وبائی امراض کی نشاندہی کی ہے۔ ’یہ انتہائی بے وقوفی اور لاپروائی ہوگی اگر فرض کر لیا جائے کہ ایڈز، ایبولا یا سرس جیسی خطرناک کوئی اور بیماری اب سامنے نہیں آئے گی۔‘
ڈبلیو ایچ او کی سالانہ رپورٹ میں حکومتوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو نہ چھپائیں کیونکہ ان کے پھوٹنے کے واقعات کی تقریباً نصف اطلاعات (عالمی ادارہِ صحت کو) ذرائع ابلاغ سے ملتی ہیں۔