http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 05 August, 2007, 14:19 GMT 19:19 PST

روضۂ عسکری پر حملہ کرنیوالا ہلاک

عراق میں امریکی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے القاعدہ کے اس رکن کو ہلاک کر دیا ہے جنہوں نے روضۂ عسکری پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس کے بعد ملک میں فرقہ وارنہ فسادات شروع ہو گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حیسم البدری سن دو ہزار چھ اور سات میں سامراء میں ہونے والے حملوں میں ملوث تھے جن میں روضۂ عسکری کے دو میناروں کو اڑا دیا گیا تھا۔ سامراء میں امام علی الہادی سمیت شیعہ فرقے کے دو اماموں کے مزار ہیں جن کی زیارت کے لیے دنیا بھر سے زائرین آتے ہیں۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ البدری عراق کے صوبے صلاح الدین میں القاعدہ کے رہنماء ہیں۔ حکام کے مطابق البدری جمعرات کو سامراء میں امریکی فوج کی ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

بی بی سی کے ایک نامہ نگار کے مطابق عراقی حکومت نے ہمیشہ البدری کو فروری دو ہزار چھ میں ہونے والے دھماکوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے، جو بہت سے لوگوں کی نظر میں فرقہ وارانہ تشدد اہم موڑ تھے۔

اسی دوران بغداد میں ایک مارٹر حملے میں کم سے کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حملے ایک پٹرول سٹیشن پر ہوئے جہاں لوگ تیل کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔ ایک قریبی پٹرول سٹیشن پر بھی مارٹر کا حملہ ہوا جس میں چھ لوگ زخمی ہوئے۔ عراق میں تیل کی کمی کی وجہ سے عراقیوں کو گھنٹوں قطار میں کھڑے ہونا پڑتا ہے جہاں وہ حملوں کا نشانہ بنتے ہیں۔