http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 02 August, 2007, 06:54 GMT 11:54 PST

چینی کھلونے امریکی دکانوں سے واپس

امریکہ میں چین کے بنائے ہوئے لگ بھگ ایک ملین کھلونے دکانوں سے واپس منگوائے جارہے ہیں کیونکہ اس بات کا خدشہ ہے ان کے پینٹ میں ضرورت سے زیادہ لیڈ شامل ہے۔ لیڈ بچوں کی صحت کے لیے خطرناک بتایا جاتا ہے۔

ٹوائے میکر فیشر پرائیس کا کہنا ہے کہ اس کی ایک تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ کھلونے بنانے والی چینی کمپنی نے رنگ کے کچھ ایسے عناصر ان کھلونوں میں شامل کیے ہیں جن کی اجازت نہیں ہے۔

کھلونوں کو دکانوں سے واپس منگوانے کے فیصلے کے تحت 83 قسم کے کھلونوں کی امریکہ میں فروخت متاثر ہوگی۔

حال ہی میں امریکہ نے چین میں بنائی گئی اشیاء جیسے دوائیں، کھانے کی چیزیں، ٹوتھ پیسٹ، کھلونے وغیرہ کے حفاظتی معیار کی تحقیقات شروع کی ہے۔ فیشر پرائیس کا کہنا ہے کہ لگ بھگ ایک ملین کھلونوں کی فروخت روک دی گئی ہے اور چین سے آنے والے جہازوں کی تحقیقات کی ہوگی۔

صارفین کی صحت سے متعلق امریکی ادارے کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمیشن نے والدین سے کہا ہے کہ اگر انہوں نے یہ کھلونے خرید لیے ہیں تو انہیں اپنے بچوں سے الگ کریں اور فیشر پرائیس سے رابطہ کریں۔

گزشتہ جون آر سی ٹو نامی کمپنی نے چین میں بنائی گئی ڈیڑھ ملین ’ٹوائے ٹرینز‘ امریکی دکانوں سے ہٹالی تھیں کیونکہ ان کے پینٹ میں بھی لیڈ پایا گیا تھا۔

حال ہی میں امریکی صدر جارج بش نے ایک پینل قائم کیا ہے جس کا مقصد ہے کہ وہ امریکہ میں درآمد کیے جانے والی اشیاء کے حفاظتی معیار کی تحقیقات کرے۔ وائٹ ہاؤس نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ اس فیصلے کے تحت چین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

چینی حکومت نے غیرملکی ذرائع ابلاغ پر الزام لگایا ہے کہ وہ چین میں بنائی گئی اشیاء کے مسائل کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔ تاہم چین نے ان اشیاء کے معیار پر غور کرنے کا عہد کیا ہے۔