Sunday, 29 July, 2007, 12:39 GMT 17:39 PST
بنگلہ دیش میں زیرحراست سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے ملک کی عبوری حکومت کی جانب سےہنگامی قوانین کے استعمال کو عدالت میں چیلنج کیا ہے ۔
بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کو فوج کی پشت پناہی حاصل ہےاور شیخ حسینہ کے وکلاء نےان کے خلاف رقوم ہتھیانے کے مقدمے میں حکومت کی جانب سے ہنگامی قوانین کے استعمال کے خلاف ہائی کورٹ میں یہ مقدمہ دائر کیا ہے۔
شیخ حسینہ کو اس ماہ کے آغاز میں حراست میں لیا گیا تھا اور انہیں ڈھاکہ میں پارلیمان کے احاطے میں ایک گھر میں نظر بند کیا گیا ہے۔
ان کی گرفتاری ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے چھاپے کے بعد عمل میں آئی جس میں ہزاروں پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ان پر بنگلہ دیش میں بجلی گھر قائم کرنے کے خواہش مند ایک تاجر سے رقوم ہتھیانے کا الزام ہے۔
پولیس ماضی میں کہتی رہی ہے کہ شیخ حسینہ پر انیس سو چھیانوے اور دو ہزار ایک کے دوران رقوم ہتھیانے کے الزامات ہیں۔ حکومت نے ان کے ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔