Tuesday, 17 July, 2007, 04:24 GMT 09:24 PST
جاپان میں سوموار کو ریکٹر سکیل پر 6.8 کی شدت سے آنے والے زلزلے نے ملک کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کو نقصان پہنچایا ہے اور اس میں سے تابکاری پانی نکل کر سمندر کے پانی میں مل گیا ہے۔
دوسری طرف امدادی کارکن زلزلے کے بعد تباہ ہونے والے سینکڑوں گھروں کے ملبے میں سے زندہ بچ جانے والوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔
مرکزی جاپان میں آنے والے زلزلے میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جبکہ 900 کے قریب زخمی ہو گئے جن میں سے 19 شدید زخمی ہیں۔
ساحلی شہر کاشی وازاکی کے دس ہزار کے قریب رہائشیوں نے امدادی سینٹرز میں رات گزاری۔ اطلاعات کے مطابق رات بھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاتے رہے۔
کاشی وازاکی۔کاویرا پلانٹ کو دنیا کے سب سے بڑے جوہری پلانٹس میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ زلزلے کی وجہ سے اس میں سے کچھ تابکاری مادہ نکل کر سمندر کے پانی میں مل گیا ہے۔
ٹیپکو نے کہا کہ زلزلہ پلانٹ کے برداشت کرنے کی حد سے کہیں زیادہ شدید تھا۔
جاپان کی جوہری تنصیبات کا تحفظ حالیہ برسوں میں حادثات اور غلطیوں کی وجہ سے زیرِ بحث رہا ہے۔ جاپان کی زیادہ تر بجلی جوہری پلانٹ سے ہی پیدا کی جاتی ہے۔
جاپان دنیا کے زلزلے والے حصے کی پٹی میں واقع ہے اور کچھ ری ایکٹرز کے متعلق یہ سوالات اٹھتے رہے ہیں کہ آیا وہ شدید جھٹکوں کو برداشت بھی کر سکتے ہیں یا نہیں۔