Saturday, 14 July, 2007, 07:39 GMT 12:39 PST
امریکی سینیٹ نے اسامہ بن لادن کی گرفتاری یا موت کے لیے مقرر کی گئی انعامی رقم کو دوگنا کر کے پچاس ملین ڈالر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انعامی رقم بڑھانے کے حق میں ستاسی اور مخالفت میں صرف ایک ووٹ ڈالا گیا۔
سینیٹ میں اس حوالے سے ووٹنگ اس وقت کی گئی ہے جب خبردار کیا جا رہا ہے کہ القاعدہ نے حملے کرنے کی اپنی استطاعت دوبارہ بحال کر لی ہے اور امریکہ میں اپنے ایجنٹ داخل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
تجزیہ کاروں نے بدھ کو سینیٹ کو بتایا تھا کہ القاعدہ نے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں محفوظ ٹھکانے بنا لیے ہیں۔ ایک نئی خفیہ امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے بعد اب دوبارہ مضبوط ہوچکی ہے۔
اندرونی سلامتی کے محکمہ کے سربراہ مائیکل شرٹوف نے اس ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ ان کی چھٹی حِس کہہ رہی ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں امریکہ پر حملوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
اسامہ بن لادن کے بارے میں ایک سال سے کوئی خبر نہیں ہے، البتہ ان کے نائب ایمن الظواہری نے حالیہ ہفتوں میں اسلامی ویب سائٹس کے ذریعے کئی پیغامات جاری کیے ہیں۔
ایسے ہی ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی لال مسجد کے واقعہ کے ردعمل میں پاکستانی عوام صدر جنرل پرویز مشرف کے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔