میکسیکو کی معتبر ویب سائٹ کے مطابق ٹیلی کام کے میکسیکن کاروباری کارلوس سالم نے بل گیٹ کو دنیا کا سب سے بڑا دولت مند ہونے کے اعزاز سے محروم کر دیا ہے۔
اس ویب سائٹ کے مطابق کارلوس سالم کی دولت کا تخمینہ سڑسٹھ اعشاریہ چھ ارب ڈالر لگایا گیا تھا جب کہ بل گیٹ کے پاس انسٹھ اعشاریہ دو ارب ڈالر مالیت کے اثاثے تھے۔
لیکن اچانک کارلوس سالم کی سب سے بڑی کمپنی امریکن موول کے حصص کے بھاؤ ستائیس فی صد چڑھ گئے جنہوں نے سالم کو دولت مندی میں سرِ فہرست کر دیا۔
لاطینی امریکہ میں موبائل فون کا کاروبار کرنے والی اس کمپنی میں سالم کے حصص تینتیس فی صد ہیں۔
کارلوس سالم لبنان سے ترک وطن کر کے میکسیکو آنے والے ایک تاجر کے بیٹے ہیں اور اس وقت ان کی عمر سڑسٹھ سال ہے۔
انہوں نے اپنی کاروباری زندگی کا آغاز پراپرٹی یا جائیدادوں کی خریدوفروخت سے کیا، جس کے بعد انہوں نے حصص کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی اور پھر ٹیلی کام کے کاروبار کی طرف آ گئے۔
اس کے علاوہ وہ انبرسا مالیاتی گروپ، پرچون تک کا کاروبار کرنے والی کئی صنعتوں اور ریستورانوں کے بھی مالک ہیں۔
![]() | |
| بل گیٹس انسٹھ اعشاریہ دو ارب ڈالر کے ساتھ امیر ترین لوگوں کی فہرست میں اب دوسرے نمبر پر ہیں |
گزشتہ اپریل میں ’فاربز‘ نامی جریدے نے سالم کارلوس کو امریکی ارب پتی سرمایہ کار ورنر بفیٹ سے بڑا اور بل گیٹ کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا دولت مند قرار دیا تھا۔