Saturday, 30 June, 2007, 10:09 GMT 15:09 PST
امریکی محکمۂ دفاع نے اپریل اور جون کے درمیان تین عراقیوں کے قتل کے الزام میں اپنے دو امریکی فوجیوں پر فرد جرم عائد کی ہے۔
دونوں امریکی فوجیوں پر الزام ہے کہ تین مختلف واقعات میں انہوں نے عراقیوں کو قتل کرکے ان کے جسم کے پاس اسلحہ رکھا تھا۔
یہ واقعہ بغداد کے جنوب میں اسکندریہ کے علاقے میں پیش آیا۔ فوجیوں کے خلاف عدالتی کارروائی تب شروع ہوئی جب ان کے ساتھیوں نے اس بارے میں حکام کو الرٹ کیا۔
اسٹاف سرجنٹ مائیکل اے ہینزلی پر قتل کے تین الزامات ہیں جبکہ جارج جی سینڈوول پر ایک قتل کا الزام ہے۔
جارج جی سینڈوول کو ٹیکساس میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ یہ دونوں فوجی اب کویت میں امریکی فوج کی حراست میں ہیں۔
امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب تک ان فوجیوں پر الزامات ثابت نہیں ہوجاتے اس وقت تک وہ ’بےقصور‘ سمجھے جائیں گے۔
پینٹاگون عراق میں امریکی فوجیوں کے ہاتھوں غیرقانونی قتل کے کئی واقعات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس طرح کے ایک اور واقعے میں چھ امریکی فوجیوں پر حدیثہ میں چوبیس عراقی شہریوں کی ہلاکت کا الزام ہے۔