Friday, 29 June, 2007, 07:15 GMT 12:15 PST
برطانوی پولیس نے جمعہ کی صبح لندن کے مرکزی علاقے میں کھڑی ایک کار میں موجود دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ کار بم پھٹ جاتا تو’بڑے پیمانے پر تباہی‘ ہوتی۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے شعبۂ انسدادِ دہشتگردی کے سربراہ پیٹر کلارک کے مطابق’ یہ بات واضح ہے کہ اگر دھماکہ ہوتا تو بڑا جانی نقصان ہو سکتا تھا‘۔
حکام کے مطابق پولیس کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دو بجے کے قریب ایک ایمبولنس کے عملے نے ہے مارکیٹ کے علاقے میں کھڑی ایک ایسی مشتبہ گاڑی کے بارے میں خبر دی جس سے دھواں اٹھ رہا تھا۔
میٹروپولیٹن پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ بی بی سی کو بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں’بین الاقوامی ذرائع‘ کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے پیٹر کلارک کے مطابق تاحال کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اس واقعے میں کون ملوث ہے لیکن اس واقعے سےگزشتہ دہشتگرد حملوں کی’ گونج سنائی دیتی ہے‘۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نائٹ کلب دہشتگردوں کا اہم ممکنہ ہدف ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس سے قبل ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ اس نے مذکورہ کار کو ڈولتے ہوئے اور پھر ایک کوڑے دان سے ٹکراتے دیکھا۔عینی شاہد کے مطابق اس تصادم کے بعد کار کا ڈرائیور اتر کر فرار ہوگیا۔
اس واقعے کے بعد پکاڈلی سرکس ٹیوب سٹیشن بند کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں جانے والی بسوں کو بھی دوسرے راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ ہے مارکیٹ کا علاقہ لندن کے مشہور پکاڈلی سرکس کے قریب واقع ہے اور یہاں بڑی تعداد میں تھیٹر واقع ہیں۔