http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 29 June, 2007, 20:58 GMT 01:58 PST

لندن: ایک اور کار بم برآمد

برطانوی دارالحکومت لندن میں پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے شہر کے وسطی علاقے میں کھڑی ایک اور ایسی کار کا پتہ چلایا ہے جس میں دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔

سکاٹ لینڈ یارڈ کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر پیٹر کلارک نے جمعہ کی رات ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ دھماکہ خیز مواد رکھنے والی دوسری کار لندن کے علاقے پارک لین سے قبضے میں لی گئی ہے۔

’لندن کار بم منصوبہ‘
لندن میں دھماکہ خیز مواد برآمد

ان کا کہنا تھا ’ بم والی ایک اور کار ملنا واقعی پریشانی کی بات ہے‘۔ پیٹر کلارک نے صحافیوں کو بتایا کہ پہلی کار کی طرح دوسری کار میں سے تیل اور گیس کے کنستروں کے علاوہ بھاری تعداد میں کیل بھی ملے ہیں۔

لندن پولیس نے پہلی کار شہر کے وسطی علاقے پکاڈلی سرکس کے قریب ’ہے مارکیٹ‘ سے جمعہ کی صبح قبضے میں لی تھی۔ دھماکہ خیز مواد رکھنے والی دونوں کاریں مرسڈیز ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ناکارہ کیے گئے کار بم اگر پھٹ جاتے تو بڑے پیمانے پر تباہی اور ہلاکتیں ہوتیں۔