http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 21 June, 2007, 03:08 GMT 08:08 PST

حکمت عملی تبدیل کریں گے: طالبان

افغانستان میں طالبان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ دارالحکومت کابل پر اپنے حملوں میں تیزی لا کر اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لا رہے ہیں۔

طالبان کے ایک ترجمان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کہ نیٹو کی افواج نے طالبان کی صفوں میں گھس کرکے ان کے کچھ کمانڈروں کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ طالبان کی طرف سے خود کش حملہ آوور رضاکاروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

افغان وزیر دفاع جنرل عبدالرحیم وردگ نے بی بی سی کو بتایا کہ طالبان کابل کو باقی ملک سے کاٹنے میں ناکام رہے ہیں۔

طالبان نے کہا انہوں نے گزشتہ اتوار کو کابل میں ایک پولیس بس پر حملہ کیا تھا جس میں چوبیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ کابل پر طالبان کا قبضہ ختم ہونے کے بعد سے سب سے جان لیوا حملہ تھا اور گزشتہ ایک سال میں پولیس کی بسوں پر یہ چوتھا حملہ تھا۔

بدھ کو ملک کے جنوبی صوبے قندہار میں سڑک کے کنارے نصب بم کے پھٹنے سے نیٹو کی فوج میں شامل چار کنیڈین فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ طالبان کے مطابق یہ کارروائی انہوں نےکی تھی۔

افغانستان میں اب تک ہلاک ہونے والے کنیڈین فوجیوں کی تعداد ساٹھ ہو گئی ہے۔