Sunday, 10 June, 2007, 03:03 GMT 08:03 PST
غزہ میں حماس اور الفتح کے درمیان تشدد میں حماس کے ایک کمانڈر ہلاک اور کم سے کم تیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حماس اور الفتح کے درمیان یہ تشدد جنوبی شہر رفاہ میں ہوا جہاں الفتح کے ایک رکن گزشتہ جمعرات کو مارے گئے تھے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران دونوں فلسطینی گروہوں کے درمیان ہونے والے تشدد میں کم سے کم پچاس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
رفاہ کے باشندوں نے خبررساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ الفتح اور حماس نے سنیچر کو تشدد کے دوران گلیوں اور عمارتوں کے چھتوں سے مشین گنوں اور راکٹ سے داغےجانے والے گرینیڈ کا استعمال کیا۔
طبی اہلکاروں کے مطابق مقامی ہسپتال زخمیوں سے کھچاکچھ بھر گیا تھا جس کے بعد متعدد زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی شہروں میں بھیجاگیا۔
اس سے قبل سنیچر کو ہی فلسطینی شدت پسندوں نے ایک اسرائیلی فوجی چوکی پر حملہ کیا جس کے بعد مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ ایک فلسطینی ہلاک ہوگیا۔
سنیچر کو ہی فلسطینی شدت پسندوں نے گزشتہ ایک سال میں پہلی بار غزہ سے اسرائیل کے اندر حملے کیے۔