http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 07 June, 2007, 09:49 GMT 14:49 PST

کیلیفورنیا میں عراق پر بل منظور

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں قانون سازوں نے ایک بل پاس کیا ہے جو ریاست کے ووٹروں کو یہ موقع مہیا کرے گا کہ وہ عراق سے فوج کی واپسی کے لیے اپنے موقف کا اظہار کر سکیں۔

اس بل کو کیلیفونیا کے سینیٹ نے پاس کیا ہے جس میں ڈیوموکریٹس کی اکثریت ہے تاہم اس کے لیے ریاستی اسمبلی اور ریاست کے گورنر آرنلڈ شوارزنیگر کی منظوری ضروری ہے۔

اس اقدام کو ریاست میں فروری میں ہونے والے پرائمری صدارتی بیلٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ نومبر دو ہزار آٹھ میں امریکی نئے صدر کا انتخاب کریں گے۔

ووٹ کا دباؤ
 اس بل کے تحت صدر بش کو بیلٹ پیپر کے ذریعے درخواست کی جا سکتی ہے کہ وہ فوری طور پر عراق سے بحفاظت اور منظم طریقے سے امریکی فوج واپس بلا لیں
 

اس بل کے تحت صدر بش کو بیلٹ پیپر کے ذریعے درخواست کی جا سکتی ہے کہ وہ فوری طور پر عراق سے بحفاظت اور منظم طریقے سے امریکی فوج واپس بلا لیں۔

تاہم اس بل کو منظور کرنے کے لیے ریاستی اسمبلی کی منظوری ضروری ہے جس میں بھی ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے۔

ریاست کے گورنر آرنلڈ شوارزنیگر کے ترجمان نے کہا ہے کہ گورنر نے ابھی اس پر کوئی موقف اختیار نہیں کیا ہے تاہم وہ فوج کے انخلاء کے نظام الاوقات کی حمایت کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کا یہ بھی موقف ہے کہ امریکی فوج فاتح واپس آئے۔