http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 03 June, 2007, 03:38 GMT 08:38 PST

چین میں زلزلہ، دو ہلاک

چین کے جنوب مغربی صوبے یونن میں اتوار کو آنے والے زلزلے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور ستّر زخمی ہوگئے ہیں۔

ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ چار تھی اور یہ مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر چونتیس منٹ پر آیا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژن ہوا کے مطابق زلزلے سے کچھ عمارتیں منہدم ہوئی ہیں اور متاثرہ علاقے سے رابطہ کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ متاثرہ علاقے میں کئی ہزار خیمے بھجوا دیے گئے ہیں۔

زلزلے کا مرکز لاؤ س اور برما کی سرحد کے نزدیک واقع پوائر نامی شہر تھا اور اب اس علاقے سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ مقامی حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ’ہمارے اندازے کے مطابق ایک لاکھ بیس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑے گا‘۔

پوائر شہر کی آبادی تیس ہزار کے قریب ہے اور زلزلے کے جھٹکے شہر سے دو سو کلومیٹر کے فاصلے تک محسوس کیے گئے ہیں۔