Sunday, 27 May, 2007, 12:02 GMT 17:02 PST
غزہ کی جانب سے اسرائیلی سرحدی شہر سديروت پر داغے گئے فلسطینی ساخت کے ایک راکٹ کے حملے میں ایک شہری ہلاک ہو گیا ہے۔
ایک سوئمنگ پول کے قریب گرنے والے ایک راکٹ کے کچھ ٹکڑے چھتیس سالہ شخص کی گردن پر لگے، جسے بعدازاں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ ہلاک ہوگیا۔
شدت پسند فلسطینی تنظیم حماس کے مسلح دھڑے نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اسرائیل کے وزیراعظم ایہوداولمرت نے کہا ہے کہ حماس کے خلاف جلد ہی کریک ڈاؤن شروع کر دیا جائے گا۔ اتوار کو کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ بات صاف اور واضح ہے کہ دہشت گردی میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی۔
![]() | |
| غزہ پر دس روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں چالیس سے زائد فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں (فائل فوٹو) |
غزہ پر دس روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں چالیس سے زائد فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان حملوں کے بارے میں اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے حملے دراصل اسرائیلی آبادیوں پر مزاحمت کاروں کے راکٹ حملوں کو روکنے کی کوشش ہے۔
گزشتہ دنوں اسرائیلی سرحدی علاقوں خاص طور پر سديروت پر ہونے والے راکٹ حملوں میں ایک فلسطینی ہلاک جبکہ سولہ دوسرے زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ پچھلے بارہ دن کے دوران غزہ سے کوئی 230 راکٹ داغے گئے ہیں۔
دریں اثناء، حماس نے خبردار کیا ہے کہ اس کے مسلح دھڑے یا تنظیم کے کسی سیاسی رہنما کے خلاف اسرائیل کے کسی بھی اقدام سے مغوی اسرائیلی فوجی گیلاد شالت کی رہائی کا امکان اور معدوم ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ گیلاد شالت کی جون 2006 میں گرفتاری کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔