Thursday, 24 May, 2007, 07:13 GMT 12:13 PST
چینی حکومت نے بلاگ لکھنے والوں کے لیے اپنا اصل نام ظاہر کرنا لازمی قرار دینے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے۔ چین میں تقریباً دو کروڑ بلاگر ہیں اور گزشتہ سال حکومت کی طرف سے اس منصوبے کی انٹرنیٹ کے صارفین نے شدید مخالفت کی تھی۔
حکومت نے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ نام ظاہر کرنے کی شرط رکھنے سے بلاگ لکھنے والے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ اس کے برعکس
بلاگروں کا موقف تھا کہ حکومت معلومات پر پابندی لگانا چاہتی ہے۔
نئے ضوابط کے تحت حکومت بلاگروں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ اپنا اصل نام ظاہر کریں اور ایسے افراد کے لیے بہتر سروس کا وعدہ کیا گیا ہے۔ بلاگروں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
چین کے ایک مشہور بلاگر پِنگ کے نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے حکومتی فیصلہ کو سراہا جس کے تحت لوگوں سے ’زبردستی ان کے کوائف حاصل کرنے کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے‘۔ ایک اور معروف بلاگر وانگ زاؤفینگ نے کہا کہ وہ بری زبان برداشت کر سکتے ہیں لیکن نام ظاہر کرنے کی شرط کے حق میں نہیں۔
انہوں نے کہا ’انٹرنیٹ کی ایک خاصیت بدتہذیبی ہے، ہم بد تہذیب ہیں اور انٹرنیٹ پر یہ حقیقت ظاہر ہوتی ہے‘۔