Wednesday, 23 May, 2007, 01:18 GMT 06:18 PST
بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ کانگو میں اقوامِ متحدہ کی امن فوج میں شامل پاکستانی فوجی سونے کی تجارت اور کانگو کے ان ملیشیا گروپوں کو ہتھیاروں کی فروخت میں ملوث رہے جنہیں غیر مسلح کرنے کے لیے انہیں کانگو بھیجا گیا تھا۔
اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل پاکستانی فوجیوں کے سونے کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کی متعلقہ اداروں کے ذریعے مکمل تفتیش کرائی جائے گی۔
بی بی سی کے مارٹن پلاٹ کے مطابق تجارت کا یہ سلسلہ سنہ 2005 میں جاری رہا اور جب سنہ 2006 میں اقوامِ متحدہ کی ایک ٹیم اس حوالے سے ثبوت اکھٹے کرنے کے لیے کانگو گئی تو اس کے کام میں نہ صرف رکاوٹیں ڈالی گئیں بلکہ انہیں دھمکایا بھی گیا۔
![]() | |
| میں نے سب کچھ اپنے آنکھوں سے دیکھا ہے: لیکی لکامبو |
اقوامِ متحدہ کے ایک افسر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کو خود اقوامِ متحدہ نے’ سیاسی تنازعہ سے پچنے کے لیے‘ دبا دیا کیونکہ اقوامِ متحدہ کی امن فوج کا سب سے بڑا حصہ پاکستانی فوجیوں پر ہی مشتمل ہے۔
سونے کی تجارت کے واقعات جمہوریہ کانگو کے شمال مشرقی علاقے مونگوالو میں پیش آئے۔ پاکستانی فوج کو اس علاقے میں لنڈو اور ہیما نامی نسلی گروہوں کے درمیان شدید لڑائی کے بعد بحالی امن کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
ایک مقامی بزنس مین ایوارستا انجاسوبو کے مطابق وہ پاکستانی فوج اور کنگ فو اور ڈریگن نامی دو ملیشیا لیڈروں کے درمیان ہونے والی ڈیل کے بارے میں جانتے ہیں۔’وہ دوست بن چکے تھے۔ میں انہیں اچھی طرح جانتا تھا۔ یہ سونا ہی تھا جو ان کی دوستی کی بنیاد بنا۔ چنانچہ کانوں سے نکلنے والاسونا سیدھا پاکستانیوں کے پاس جاتا تھا۔ ان لوگوں کی ملاقاتیں مونگوالو میں اقوامِ متحدہ کے کیمپ میں واقع ایک مکان میں ہوتی تھیں‘۔
سونے کی اس تجارت میں بعد ازاں کانگو کی فوج اور پھر کینیا کے بھارتی تاجر بھی ملوث ہو گئے تھے۔ مونگوالو کے ہوائی اڈے کے انچارج رچرڈ نڈلو کے مطابق انہیں اس تجارت کا شک سنہ 2005 میں اس وقت ہوا جب ایک بھارتی تاجر وہاں آیا اور پاکستانی امن فوج کے کیمپ میں رہا۔
اس غیر قانونی تجارت کی اطلاع پر ہی جب اتوری کی ضلعی کمشنر پیٹرونیل وویکا نے مونگوالو سے آنے والی ایک پرواز پر موجود سامان کی تلاشی لینی چاہی تو کانگو کی فوج کے افسران نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی۔
![]() | |
| ’سونے کی کانیں کچھ لوگوں کو رجھانے کے لیے کافی تھیں‘ |
اقوامِ متحدہ کو کانگو کی فوج کے ایک افسر کے شہادتی بیان کے مطابق اس افسر نے میجر زنفر نامی افسر کی زیرِ قیادت پاکستانی بٹالین کے غلط کاموں پر افسوس کا اظہار کیا۔ کانگو کے فوجی افسر کے مطابق ملیشیا کے لوگ رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈالتے تھے اور وہی ہتھیار انہیں واپس پہنچا دیے جاتے تھے۔’وہی ملیشیا جو ایک دن قبل ہتھیار پھینکتی تھی اگلے دن پھر سے مسلح ہو جاتی تھی‘۔