http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 21 May, 2007, 01:40 GMT 06:40 PST

عراق: سات امریکی فوجی ہلاک

عراق میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ مزاحمت کاروں نے سات امریکی فوجی اور ان کا ایک مترجم ہلاک کر دیے ہیں۔ مغربی بغداد میں چھ امریکی فوجی اور ان کا ایک مترجم ملک کے دارالحکومت میں گشت کرتے ہوئے مارے گئے۔

بغداد سے اسی کلومیٹر جنوب میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ ان کی گاڑی ایک دھماکے کا نشانہ بنی تھی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عراق میں جمعہ سے لے کر اب تک ہلاک ہونے والی امریکی فوجیوں کی تعداد پندرہ اور اس مہینے میں یہ تعداد چھہتر ہو گئی ہے۔

بغداد میں بی بی سی کے ایک نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سڑک کے کنارے نصب ہوئے بم غیر ملکی فوجیوں کے لیے اب تک سب سے بڑا خطرہ ہیں۔

تشدد کے دیگر واقعات میں عراقی پولیس نے کہا ہے کہ بغداد میں کار بم کے حملوں میں پانچ لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔