Sunday, 20 May, 2007, 20:47 GMT 01:47 PST
حکام اور عینی شاہدین کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں حماس کے ایک رہنما خلیل الحیہ کےگھر پر فضائی حملہ کیا ہے جس میں ان کے آٹھ عزیز ہلاک اور بارہ زخمی ہوئے ہیں۔
حملے کے وقت حماس کے رہنما گھر پر نہیں تھے۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق حملے کے بعد حماس کے رہنما نے غزہ شہر میں شفا ہسپتال کا دورہ کیا جہاں زخمیوں کو علاج کے لیے لایا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں اتوار کی شام ایک فضائی کارروائی کی تصدیق کی لیکن اس کا کہنا تھا کہ حملے کا نشانہ مسلح افراد کا ایک گروہ تھا جو ایک مکان کے باہر کھڑا تھا۔
کابینہ نے اس حملے سے کئی گھنٹے قبل غزہ میں کارروائیاں شدید کرنے کی منظوری دی تھی۔ غزہ سے راکٹ حملوں کے جواب میں ہونے والی حالیہ اسرائیلی فضائی کارروائیوں میں تئیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کی طرف سے جوابی کارروائی کے باوجود فلسطینیوں کے راکٹوں سے حملے جاری ہیں۔
جنوبی اسرائیل میں بی بی سی کے ایک نامہ نگار کے مطابق اتوار کے روز کئی سڑکیں ویران تھیں جہاں سے سینکڑوں رہائشی فضائی حملوں سے بچنے کے لیے گھروں سے چلے گئے تھے۔
پیر کو علی الصبح اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر غزہ پر ایک میزائیل حملہ کیا ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ اس میں حماس کا ایک رکن ہلاک ہوا ہے اور ان عماتوں کو نقصان پہنچا ہے جہاں پر یہ گروپ ہتھیار بناتا ہے۔