Friday, 18 May, 2007, 06:37 GMT 11:37 PST
صدر جارج بش نے سینٹ میں اس بِل پر اتفاق ہو جانے کو خوش آمدید کہا ہے جس کے تحت امریکہ کے ایک کروڑ بیس لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو مستقل شہریت ملنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
صدر بش کا کہنا تھا ’بِل کے مسودے میں دونوں رویوں عام معافی اور عداوت سے بچا گیا ہے‘۔ انہوں نے سینٹ سے کہا کہ وہ اس بِل کو منظور کر دے۔
تاہم امریکی شہریت کے اہل ہونے کے لیے انہیں ویزا فیس اور پانچ ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہوگا اور اپنے ملک واپس جانا ہوگا۔ تارکینِ وطن کے اس بِل کے تحت پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس میں ہنرمندوں اور تعلیم یافتہ لوگوں کو اہمیت دی جائے گی۔
اس بِل کے تحت امریکی ویزا حاصل کرنے والوں کو مستقل شہریت کے لیے آٹھ سے تیرہ سال تک انتظار کرنا ہوگا۔ امریکی سینٹ اگلے ہفتے سے اس بل پر بحث شروع کرے گی۔