Thursday, 17 May, 2007, 13:10 GMT 18:10 PST
تقریباً نصف صدی سے زیادہ عرصے کے بعد پہلی بار شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان ٹرین سروس شروع ہوئی ہے۔
شمالی کوریا نے جمعرات کو جنوبی کوریا سے آنے والی ٹرین کے تاریخی ٹرائل کا خیرمقدم کیا۔ ٹرین سروس کو ان ممالک کے متنازعہ تعلقات کو بہتر بنانے کی طرف ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری اہلکار جن میں شمالی کوریا کی کابینہ کے سیئنر کونسلر اور شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان وزراء کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے سربراہ کوان لو ینگ اور جنوبی کوریا کے یونیفیکیشن کے وزیر لی جیے جؤنگ نے اس ٹرین میں جنوبی کوریا کے منسان سٹیشن سے کیسونگ سٹیشن تک کا سفر مکمل کیا۔
شمال کوریا کی طرف ریل سروس کی مخالفت کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان منسان سٹیشن پر جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ مظاہرین نے جب ٹرین کے لیے منعقد کیے گئے سرکاری جشن میں شرکت کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں روکا۔
ریل کے اس سفر کی شروعات سے قبل کؤان ہوینگ نے کہا تھا کہ دونوں کوریائی ممالک کو اب اپنے تعلقات کو پٹری سے اترنے کا موقع نہیں دینا چاہیے اور دوبارہ ایک ہونے کی جانب قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔
کؤان نے امریکہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک بار پھر دوہرایا کہ بیرونی طاقتیں دونوں ملکوں کو ایک ہونے میں روکاٹ پیدا کر رہی ہیں۔