Monday, 14 May, 2007, 02:59 GMT 07:59 PST
غزہ میں دن بھر تشدد کے واقعات میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد مصر کی ثالثی میں فتح اور حماس کے درمیان ایک نئے معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
مصری ثالثوں کے زیرِ اثر ہونے والے اس معاہدے کے تحت حماس اور فتح دنوں متحارب دھڑے سڑکوں سے اپنے اپنے مسلح کارکنوں کو واپس بلائیں گے۔
فروری میں دونوں متحارب گرہوں کے درمیان قومی وحدت کی حکومت بنانے پر اتفاق کے بعد اتوار کو ہونے والے تشدد کے واقعات بد ترین بتائے جا رہے ہیں۔
تشدد اس وقت شروع ہوا جب فتح سے منسلک العقصیٰ برگیڈ کے ایک رہنما پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا جس میں وہ ہلاک ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد تشدد میں پانچ افراد ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوگئے۔ خبروں کے مطابق درجنوں افراد کو اغوا بھی کیا گیا ہے۔
حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہم لڑائی بند کرنے پر متفق ہوگئے ہیں اور اپنے اپنے مسلح افراد کو گلیوں سے واپس بلانے اور مغویوں کو رہا کرنے پر بھی تیار ہو گئے ہیں‘۔ فتح کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ معاہدہ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق پیر کی رات دس بجے عمل میں آ جائے گا۔