Sunday, 13 May, 2007, 10:56 GMT 15:56 PST
عراقی پولیس کے مطابق عراق کے شمالی شہر مخمور میں ایک خود کش ٹرک بم دھماکے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے۔
یہ دھماکہ کردستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے دفتر کے نزدیک ہوا ہے۔ اس حملے میں ایک سینیئر پولیس افسر ہلاک ہو گیا۔ دھماکے کے وقت کرد ستان ڈیمو کریٹ پارٹی کے دفتر میں پارٹی کی میٹنگ ہو رہی تھی۔
مقامی پولیس چیف نے بتایا کہ کئی لاشیں ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں اور ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ ہفتے اربیل کے نزدیک ٹرک بم حملے میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
معمول کے بم دھماکوں اور عدم استحکام نے جس طرح عراق کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے اس کے مقابلے ملک کے شمالی حصے کے حالات قدرے بہتر ہیں۔
لیکن ملک کی شیعہ ، کرد اور سنی آبادی کے درمیان تیل کے اساسوں کی تقسیم سے متعلق بل کے مسودے نے سیاسی کشیدگی میں اضافہ کر دیا ہے۔عراق کا زیادہ تر تیل شمال میں کرد اور جنوب میں شیعہ آبادی کے نزدیک ہے۔