Sunday, 13 May, 2007, 12:33 GMT 17:33 PST
ایران کے صدر محمود احمدی نژاد ایک سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں یہ انیس سو اناسی کے بعد کسی بھی ایرانی صدر کا متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ ہے۔
خلیج کے دو ہمسایہ ملکوں میں خلیج کے تین جزیروں پر ایک طویل عرصے سے تنازعہ چلا آرہا ہے لیکن ان کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں۔
محمود احمدی نژاد کا دورہ امریکی نائب صدر ڈک چینی کے اس بیان کے فوراً بعد ہورہا ہے جس میں انہوں نے ایران کو خبردار کیا ہے تھا کہ وہ اپنا جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ ترک کرے اور خیلج میں جہازوں کے نقل و حمل میں خلل ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔
خلیج میں سات ریاستوں کو انیس سو اکہتر میں ایک فیڈریشن میں شامل کرکے متحدہ عرب امارت تشکیل دی گئی تھی۔ اس وقت سے ان ریاستوں کے ایران کے ساتھ تین جزائر کی ملکیت پر تنازعہ چلا آ رہا ہے۔
ان ریاستوں کی کوشش ہے کہ وہ واشنگٹن اور تہران کے ساتھ اپنے تعلقات میں توازن برقرار رکھیں۔