http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 12 May, 2007, 06:12 GMT 11:12 PST

ڈک چینی کی ایران کو دھمکی

امریکی نائب صدر ڈک چینی نے مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران خلیج فارس میں ایک امریکی طیارہ بردار جہاز کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اسے جوہری ہتھیار بنانے کی اور نہ ہی سمندری ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت دیں گے۔

چینی نے امریکی بحریہ کے جہاز سٹینِس سے خطاب کیا جو ایران کے ساحل سے ایک سو پچاس میل کے فاصلے پر سفر کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امریکی بحریہ کی موجودگی سے ایران کو پیغام مِل جانا چاہیے۔ ’ہم سمندری راستے کھلے رکھیں گے‘۔

چینی نے کہا کہ ’ ہم دوسروں کے ساتھ مِل کر ایرن کو جوہری ہتھیاروں کے حصول اور علاقے میں بالادستی قائم کرنے سے روکیں گے‘۔

چینی مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران اپنے اتحادیوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ عراقی حکومت کی زیادہ مدد کریں اور ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت کو روکیں۔

امریکہ ایران پر الزام لگاتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کے پروگرام پر کاربند ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ایران سے اس وقت تک مذاکرات نہیں کرے گا جب تک ایران یورینیم کی افزودگی کا پروگرام ترک نہیں کر دیتا۔

ایرن کا کہنا ہے کہ اس کا پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے اور اس کا مقصد صرف غیر فوجی جوہری طاقت بننا ہے۔

ایک ہفتہ قبل عراق میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کے دوران امریکہ اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان مختصر ملاقات ہوئی تھی۔ امریکہ اور ایران میں انیس سو اناسی کے بعد سے باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔