http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 06 May, 2007, 10:57 GMT 15:57 PST

عراق: بم دھماکے میں 33ہلاک

عراق کے دارالحکومت بغداد میں پولیس نے بتایا ہے کہ ایک کار بم دھماکے میں تیتیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ دھماکہ ایسے علاقے میں ہوا جہاں اکثریتی آبادی اہلِ تشیع کی ہے۔

کار بم کا یہ دھماکہ بغداد کے جنوب مغربی علاقے البیاع میں ہوا۔ اس علاقے میں پہلے بھی کئی کار بم دھماکے ہو چکے ہیں جن کا الزام سنی مزاحمت کاروں پر عائد کیا جاتا ہے۔

دھماکے کے مقام کے قریب کھڑے افراد نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو اٹھانے کے لیے کمبل استعمال کیے۔ لاشوں اور زخمیوں کو بعد میں پک اپ گاڑیوں میں ڈال کر ہسپتال پہنچایا گیا۔

شہر میں گزشتہ گیارہ ہفتوں سے مزاحمت کاروں کے خلاف بڑا آپریشن جاری ہے لیکن شہر میں دھماکے اور تشدد ختم نہیں ہوسکا۔