Saturday, 05 May, 2007, 08:03 GMT 13:03 PST
سری لنکا کی بحریہ کے مطابق اس نے جزیرے کے شمال مشرقی ساحل کے نزدیک تمل باغیوں کی دو کشتیاں تباہ کر دیں جس سے 10 باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے مطابق یہ کشتیاں 27 کشتیوں کے بیڑے میں شامل تھیں۔
سری لنکا میں کاغذوں پر ابھی بھی جنگ بندی ہے لیکن ملک خانہ جنگی کی سمت واپس جا رہا ہے ۔گزشتہ پندرہ ماہ میں چار ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
فوج کے ترجمان بریگیڈیئر پرساد سمارہ سنگھے نے بتایا کہ باغیوں کے بیڑے میں 12 چھوٹی اور 10 بڑی کشتیاں تھیں، جن میں چار’خود کش کشتیاں شامل تھیں جو بحری جہازوں سے ٹکرا جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
سری لنکا کی بحریہ کا کہنا ہے کہ اس ماہ فوج نے ملائی ٹیوو میں سمندری تمل باغیوں کے ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا۔
دوسری جانب ٹائیگرز کا کہنا ہے جس عمارت کو تباہ کیا گیا وہ ایک خیراتی ادارے کی عمارت تھی جو بارودی سرنگوں کی زد میں آنے والوں کے لیے مصنوعی اعضاء بناتی تھی۔
تمل باغی شمال مشرق سری لنکا میں آزادی کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔
سمندر اور خشکی دونوں جگہ تمل باغیوں اور فوج میں جھڑپیں معمول کا حصہ ہیں جبکہ جنگ بندی بھی برقرار ہے دونوں فریقوں کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی کا احترام کرتے ہیں لیکن دوسری جانب سے ہونے والے حملے کا جواب دینا پڑتا ہے۔