Monday, 23 April, 2007, 16:16 GMT 21:16 PST
فرانس کے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج سامنے آتے ہی اب آخری اور فیصلہ کن مرحلے کے لیے انتخابی مہم شروع ہوگئی ہے۔
چھ مئی کو ہونے والے اِس مرحلے میں قدامت پسند امیدوار نِکولا سرکوزی اور حزب اختلاف کی سوشلسٹ پارٹی کی نامزد امیدوار سیغولین رویال مدمقابل ہونگے۔
ایک طرف چھ مئی کو ہونے والے انتخابات کے لیےانتخابی مہم کے آغاز پر دائیں بازو کے قدامت پسند امیدوار نکولس سرکوزی آج مشرقی شہر دی ژوں میں اپنے حامیوں سے خطاب کریں گے تو دوسری جانب سیغولین رویال جنوب مشرق میں وِلانس میں تقریر کی تیاری کررہی ہیں۔
پہلے مرحلے میں تیس فیصد ووٹ حاصل کرنے والے باون سالہ مسٹر سرکوزی کو فی الحال سبقت حاصل ہے جبکہ سوشلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون امیدوار چھبیس فیصد ووٹ حاصل کرکے ان سے کچھ ہی پیچھے ہیں۔
دوسرے مرحلے کی ووٹنگ سے چار دن پہلے یعنی دو مئی کو دونوں امیدواروں کے درمیان ٹیلی وژن پر مباحثہ بھی ہوگا۔
کسی اور سے اپنے فیصلے نہیں |
دوسری جانب مسٹر سرکوزی سے ووٹوں میں محض چار فیصد پیچھے رہنے والی سوشلسٹ امیدوار سیغولین رویال نے اپنے حامیوں سے مزید کام کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم پر اب ایک بھاری ذمہ داری ہے۔ کامیاب ہو کر ایک تبدیلی لانے کی ذمہ داری، تا کہ نئے فرانس کی تعمیر شروع ہو سکے۔اس لیے میری آپ سے درخواست ہے کہ سرگرم ہو جائیں اور آگے بڑھتے جائیں‘۔
مسٹر سرکوزی پیر کی صبح پیرس میں اپنے مشیروں سے ملے۔ اُنہیں یقین تو ہے کہ وہ اپنی حریف سیغولین رویال کو ہرا دیں گے لیکن وہ جانتے ہیں کہ سخت گیر رویے کی وجہ سے وہ کچھ ووٹروں میں نامقبول ہیں۔ لہذا اگلے دو ہفتوں کے دوران اُنکی کوشش ہوگی کہ وہ میانہ روی کا لہجہ اپناتے ہوئے ایسے ووٹروں کو دوبارہ اپنی جانب لے آئیں۔
آگے بڑھتے جائیں: سیغولین |
اِن دونوں امیدواروں کو ایک ایسا لائحہ عمل بھی وضع کرنا ہوگا جس کے تحت وہ پہلے مرحلے میں پیچھے رہ جانے والے امیدوار فرانسوا بائیرو کے ووٹ حاصل کرسکیں۔ فرانسوا بائیرو نے تا حال اپنے حامیوں کو دونوں میں کسی کی بھی حمایت کرنے کے لیے نہیں کہا۔