Monday, 23 April, 2007, 03:46 GMT 08:46 PST
لکسمبرگ میں پیر کو یورپی یونین میں شامل ممالک کے وزارئے خارجہ کے اجلاس میں ایران پر جوہری پروگرام کے حوالے سے مزید پابندیوں پر بات چیت متوقع ہے۔
اس دو روزہ اجلاس میں بیس سینئر ایرانی حکام پر سفری پابندیاں عائد کرنے اور ہتھیاروں کی فراہمی کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی جزوی پابندیوں کو مکمل پابندی میں تبدیل کروانے کے کوششوں پر غور ہوگا۔
یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اس اجلاس میں ایران کے علاوہ روس سے کشیدہ تعلقات پر بھی بات چیت ہوگی۔ روس کی جانب سے پولینڈ سےگوشت کی درآمد پر پابندی کے بعد سے یورپی یونین اور روس کے تعلقات خوشگوار نہیں۔
تاہم ایران کے معاملے پر روس یورپی یونین کے مؤقف کا مکمل حامی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس تعاون کے نتیجے میں ہی دیگر معاملات پر روس اور ای یو کے تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے۔