Friday, 20 April, 2007, 20:14 GMT 01:14 PST
امریکی فوجیوں نے عراقی دارالحکومت بغداد میں شیعہ اور سنی اکثریتی علاقوں کے درمیان ایک دیوار کی تعمیر شروع کر دی ہے۔
پانچ کلومیٹر لمبی یہ دیوار شیعہ آبادی میں گھرے ہوئے سنی اکثریت کے علاقے ادہامیہ کے گرد تعمیر کی جا رہی ہے۔ ادہامیہ کا علاقہ دریائے دجلہ کے مشرقی کنارے پر واقع ہے اور یہاں فرقہ وارانہ تشدد کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔
امریکی ترجمان کے مطابق اس دیوار کی تعمیر کا مقصد’ شہر میں جاری فرقہ وارانہ تشدد پر قابو پانا ہے‘۔ امریکی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل کرسٹوفر گریور کے مطابق وہ دیوار کی تعمیر کے باوجود’ بغداد کو چھوٹی چھوٹی فصیلوں والے شہر میں تقسیم نہیں کرنا چاہتے‘۔
بی بی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق دیوار کی تعمیر پر مقامی آبادی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور لوگ اسے عراقیوں کو تقسیم کرنے کا منصوبہ قرار دے رہے ہیں۔
امریکی فوج کے مطابق یہ دیوار اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گی اور اس کے بعد عراقی شہری اس بارہ فٹ اونچی دیوار کو ان مقررہ داخلی راستوں سے ہی عبور کر سکیں گے جن پر امریکی اور عراقی فوجی پہرہ دیں گے۔امریکی فوج بغداد میں اس قسم کی دو اور دیواریں بھی تعمیر کرنا چاہتی ہے۔