Sunday, 15 April, 2007, 11:54 GMT 16:54 PST
پولیس کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد میں بموں اور خود کش بم حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24 سے بڑھ کر 35 تک پہنچ گئی ہے۔
ان میں سے اٹھارہ افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب بغداد کے جنوبی ضلع میں جسے شیعہ اکثریت کا علاقہ سمجھا جاتا، ایک مارٹر بم حملہ ہوا اور دو دیگر دھماکے ہوئے۔ ان حملوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس کے کچھ گھنٹوں کے بعد شمالی بغداد میں ایک خود کش حملہ آور نےایک منی بس میں دھماکہ کیا جس میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں یہ تعداد پہلے کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
دریں اثناء برطانوی فوج کے دو ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرانےسے اس کے عملے کے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
بغداد میں پہلا حملہ جنوب مغربی ضلع الشرطہ ارابا میں ہوااس حملے میں تقریباً پچاس افراد زخمی ہوئے ہلاک شدگان میں عورتیں اور بچے شامل ہیں۔
دوسرا بم حملہ اور مارٹر بم اس وقت پھٹا جب امدادی عملہ لوگوں کی مدد کرنے اور زخمیوں کو ہسپتال لیجانے میں مصروف تھا۔علاقے میں تیسرے بم دھماکے کی بھی غیر تصدیق شدہ اطلاعات ہیں۔
ان حملوں سے ایک روز قبل شیعہ برادری کے مقدس شہر کربلا کے ایک پر ہجوم بازار میں ایک خود کش بم دھماکہ ہوا تھا بتایا جاتا ہے کہ اس حملے درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بغداد میں حالیہ ہفتوں میں کار اور خود کش بم دھماکے معمول بن گئے ہیں۔