http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 13 April, 2007, 14:59 GMT 19:59 PST

عراقی پارلیمان پر حملے کی مذمت

عراقی پارلیمان کے اندر ہونے والے ایک خودکش حملے کے احتجاج میں جمعہ کے روز پارلیمان کا ایک خصوصی سیشن منعقد کیا گیا ہے۔

عراق: پارلیمان میں دھماکہ

اسپیکر محمود المشہدانی نے کہا کہ پارلیمان کا خصوصی سیشن ’تمام دہشت گردوں کے لیے چیلنج ہے جو عراق میں جمہوری عمل کو روکنا چاہتے ہیں۔‘

خصوصی سیشن کے دوران رکن پارلیمان محمد عوض کو خراج عقیدت پیش کی گئی۔ جمعرات کے روز پارلیمان کے کیفیٹریا میں ہونے والے حملے میں تین سیاست دان مارے گئے تھے۔

القاعدہ سے منسلک شدت پسندوں نے اس حملے کا دعویٰ کیا ہے تاہم بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ ثابت کرنا ناممکن ہے کہ یہ دعویٰ کتنا سچا ہے۔

جمعہ کے روز پارلیمان کا سیشن منعقد نہیں ہوتا ہے لیکن اسپیکر محمود المشہدانی نے یہ سیشن ’دہشت گردی کے رد‘ میں بلائی تھی۔

عراقی پارلیمنٹ بغداد میں انتہائی سکیورٹی والے گرین زون میں واقع ہے۔
بغداد میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اس دھماکے نے عراق میں انتہائی حساس علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات کے بارے میں نئے سوال کھڑے کردیے ہیں۔

امریکہ اور برطانیہ نے اس دھماکے کو جمہوریت پر ایک حملہ قرار دیا۔ امریکہ نے کہا ہے کہ یہ امن اور استحکام کو برباد کرنے کا ایک حربہ ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ مارگریٹ بیکٹ نے کہا ہے کہ یہ بیمار ذہنوں کی پیداوار ہے۔