اسرائیل جنگی ہیلی کاپٹروں نے ہفتے کی صبح غزہ کی پٹی کے شمالی حصے پر کم از کم دو راکٹ فائر کیئے ہیں۔
غزہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ جبالیہ کے پناہ گزیں کیمپ کے قریب کچھ شدت پسندوں پر داغے گئے تھے۔
اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اسرائیل فوج نے اس علاقے میں مشبہ نقل و حرکت پر یہ راکٹ داغے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کو مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس حملے میں تین فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
اسلامی جہاد تنظیم نے کہا ہے کہ اس کے کچھ ارکان اور کچھ دوسری تنظیموں کے ارکان سرحد کے قریب ایک کارروائی کرنے والےتھے جب اسرائیل فوج کی طرف سے یہ راکٹ فائر کیئے گئے۔
اسرائیل اور فلسطینی گروپوں میں پانچ ماہ قبل فائر بندی ہو گئی تھی تاہم سرحد کے آر پار جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ بدھ کو ایک مسلح فلسطینی کو سرحد کے قریبی اسرائیلی فوج نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق فلسطینی شدت پسند اپنے ہتھیاروں کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔