Friday, 06 April, 2007, 00:18 GMT 05:18 PST
ایران کے ایک ٹی وی چینل نے خارجہ امور کے رہنمائے اعلیٰ علی اکبر ولائتی کے ایک مشیر کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی حکومت نے ایران کی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر ایران سے معافی مانگی ہے۔
ایرانی ٹی وی چینل سے یہ دعویٰ برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کے اس بیان کے پس منظر میں کیا گیا ہے جس میں انہوں نے برطانوی بحریہ کے پندرہ ارکان کی رہائی پر کہا تھا کہ ایران سے کسی قسم کی سودی بازی نہیں کی گئی۔
ایرانی ٹی وی نے مشیر کے حوالے سے کہا کہ ایرانی حکومت کو منگل کے روز برطانوی حکومت کی طرف سے ایک خط موصول ہوا تھا جس میں انہوں نے برطانوی بحریہ کی طرف سے ایران کی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر معافی مانگی تھی۔
متضاد دعوے |
تاہم برطانوی سفارت کارروں کا اصرار ہے کہ برطانوی حکومت کی طرف سے اس قسم کا کوئی خط نہیں لکھا گیا۔
ایرانی صدر احمدی نژاد نے برطانوی فوجیوں کی رہائی کا اعلان کرتے وقت یہ دعویٰ کیا تھا کہ برطانیہ نے آئندہ ایسی خلاف ورزیاں نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تاہم برطانوی حکام اس بات کی بھی تردید کرتے ہیں۔
اس بات کا امکان ہے کہ ایرانی حکام اندرونی طور پر دباؤ کا شکار ہوں کہ برطانوی بحریہ کے اہلکاروں کو رہا کیوں کیا گیا۔
برطانوی فوجیوں کے پکڑے جانے اور رہائی کے بعد برطانیہ اور ایران دونوں ہی ملکوں کی طرف سے متضاد بیانات اور دعوے کیئے جاتے رہے ہیں۔
ابھی تک ایران کی طرف سے برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کے اس بیان پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران عراق میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے اور بین الاقوامی برادری ایران کی طرف سے جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیئے کی جانے والی کوششوں کو برداشت نہیں کرے گی۔