Wednesday, 04 April, 2007, 14:13 GMT 19:13 PST
ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ حراست میں لیے گئے برطانوی نیوی کے پندرہ اہلکاروں کو آزاد کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ اعلان ایک اخباری کانفرنس کے ذریعے کیا، جس کے دوران ایرانی صدر نے ان کمانڈوز کو میڈلز بھی دیئے جنہوں نے کارروائی کر کے برطانوی فوجیوں کو خلیج فارس سے حراست میں لیا تھا۔
ان کا کہنا تھا ’برطانوی اہلکاروں کو فوراً رہا کر کے ایک ہوائی اڈے کی طرف لیجایا جا رہا ہے۔‘
ایرانی صدر نے کہا کہ بدقسمتی سے برطانوی حکومت میں اتنا حوصلہ نہیں کہ وہ اپنی عوام کو سچ بتائے کہ اس سے غلطی ہوئی ہے۔
احمدی نژاد نے عراق پر امریکی حملے اور لبنان میں اسرائیلی جنگ کی مذمت بھی کی۔ ایرانی سال نو کے آغاز پر کی گئی اس اخباری کانفرنس کے ذریعے صدر احمدی نژاد نے ان ممالک کی مذمت کی جو ان کے بقول ’دنیا میں دکھ اور تباہی کے ذمہ دار ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی نہیں ہے جو مظلوموں کے لیے اٹھ کھڑا ہو۔ ان کا کہنا تھا ’ عراق پر حملہ اس بہانے کیا گیا تھا کہ وہاں وسیع پیمانے پھیلانے والے ہتھیار ہیں لیکن قابض فوجیں اب بھی عراق میں موجود ہیں اور لوگ مر رہے ہیں۔‘