Sunday, 01 April, 2007, 06:36 GMT 11:36 PST
افغانستان کے جنوبی حصے میں مشتبہ طالبان جنگجوؤں نے پولیس کے دو قافلوں پر گھات لگا کر حملہ کیا ہے جس میں سات پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس حملے میں کم از کم تین اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے پہلے قافلے پر اس وقت گھات لگا کر حملہ کیا گیا جب وہ سپن بولدک اور شوراوک کے سرحدی علاقے میں معمول کے گشت پر تھے۔
اس حملے میں فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا تاہم ہلاک اور زخمیوں کی زیادہ تعداد پہلے قافلے کی مدد کو پہنچنے والے پولیس کے دوسرے دستے میں شامل اہلکاروں کی ہے۔
اس سے قبل کابل میں امریکی سفارت خانے کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں خودکش بمبار ہلاک جبکہ کئی دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔ یاد رہے کہ طالبان کی جانب سے یہ دھمکی دی گئی تھی کہ وہ افغانستان میں موجود غیرملکیوں پر حملے تیز کردیں گے۔