Saturday, 31 March, 2007, 08:56 GMT 13:56 PST
عراق میں خودکش بم حملوں اور کار بم دھماکوں میں کم از کم نو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
بغداد میں سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صدر سٹی کے علاقے میں ایک ہسپتال کے باہر ایک کار بم دھماکے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔
یہ دھماکہ صدر سٹی کے اطراف میں واقع ایک شیعہ اکثریتی علاقے میں ہوا ہے جس میں کم سے کم پندرہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بغداد کے جنوب میں حلہ قصبے میں ایک پٹرول پمپ کے قریب ہونے والے ایک خودکش حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
کار بم دھماکے کا دوسرا واقعہ طوز خورماتو نامی علاقے میں پیش آیا جہاں دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
دریں اثناء عراقی حکام نے کہا ہے کہ منگل کو تلعفر میں ہونے والے دو خود کش ٹرک بم دھماکوں میں 152 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔