http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 27 March, 2007, 22:17 GMT 03:17 PST

ٹرک بم دھماکوں میں 50 ہلاک

عراق کے شمالی شہر تلعفر میں منگل کو ہونے والے دو ٹرک بم دھماکوں میں کم از کم پچاس افراد ہلاک جبکہ ایک سو بیس زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ان دو دھماکوں میں سے ایک خود کش تھا، جس میں ٹرک پر سوار ایک شخص گندم سمیت دوسری اشیائے خورد و نوش لے کر شہر کے ایک بازار میں آیا اور جب اس کے گرد لوگوں کا ایک مجمع اکٹھا ہوا تو ایک زوردار دھماکہ ہو گیا۔

تلعفر شہر کے باسی اشیائے خورد و نوش کی شدید کمی کا شکار بتائے جاتے ہیں۔

عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ تلعفر کے واقعات سمیت منگل کو ہونے والی تشدد کی مختلف وارداتوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اس سے قبل امریکی فوج نے دو بمباروں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا، جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ کار بم دھماکوں میں ملوث اس گروہ کے سرغنہ ہیں جس کی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 900 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔