Thursday, 22 March, 2007, 01:15 GMT 06:15 PST
ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اگر ان کے ملک کے خلاف ’غیر قانونی‘ کارروائی کی گئی تو وہ بھی بین الاقوامی قانون کی مخالفت میں جوہری پروگرام پر کام جاری رکھے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے یہ بیان اس وقت دیا ہے جب سلامتی کونسل میں ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کے بارے غور کر رہی ہے۔ ان پابندیوں کا مقصد اس کو جوہری پروگرام روکنے پر مجبور کرنا ہے۔
تہران اس سے پہلے گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والی سلامتی کونسل کی اس قرار داد کو غیر قانونی قرار دے چکا ہے جس کے ذریعے اس پر پہلی بار محدود پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ وہ مغربی ممالک کے ان دعووں کو رد کرتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانا چاہتا ہے۔ ایران کہتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے۔
ایران کے روحانی پیشوا نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران بین الاقوامی کارروائی کے باوجود اپنے جوہری پروگرام پر کام جاری رکھنے کے بارے میں پر عزم ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’آج تک ہم نے جو کچھ کیا وہ عالمی قوائد کے مطابق تھا، لیکن اگر وہ غیر قانونی کارروائیاں کرتے ہیں تو ہم بھی ایسا کر سکتے ہیں اور ہم کریں گے‘۔ انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ اس بات سے ان کی مراد کیا ہے؟