Monday, 19 March, 2007, 14:23 GMT 19:23 PST
کابل میں امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں پر مشتمل ایک قافلے پر ایک خود کش کار بمبار نے حملہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں حملہ آور ہلاک ہو گیا اور دوسرے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
رواں سال کے دوران افغان دارالحکومت میں ہونے والا یہ اس طرح کا پہلا حملہ ہے اگرچہ گزشتہ سال کئی ہلاکت خیز حملے کیے گئے جن کا ذمہ دار طالبان کو قرار دیا گیا تھا۔
چشم دید گواہ کا کہنا حملہ آور کار کواس سڑک پر انتہائی تیز رفتاری سے دوڑا رہا تھا جسے مشرق میں جلال آْباد کی طرف جانے والے امریکی اور نیٹو افواج کے قافلے اکثر استعمال کرتے ہیں۔
ترجمان جو میلوٹ کا کہنا ہے ’اس حملے میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے تاہم زخمیوں کو فورً طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے‘۔
پیر کو ہونے والے اس حملے سے قبل طالبان نے دھمکی دی تھی کہ وہ افغانستان میں غیر ملکیوں پر حملے تیز کر دیں گے۔