Wednesday, 14 March, 2007, 03:54 GMT 08:54 PST
کابل میں بدھ کی صبح ہونے والے ایک زبردست دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ اس قدر طاقتور تھا کہ اس کے نتیجے میں کئی گھر اور کئی دکانیں بھی تباہ ہو گئیں۔
پولیس اور کابل حکام دھماکے کی وجوہات کے بارے میں متضاد اسباب بیان کر رہے ہیں۔
ڈپٹی سٹی پولیس زلمے خان چیف کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ ایک ایسی دکان میں رکھے ہوئے بارود میں ہوا ہے جو شکار کے لیے استعمال کی جانے والی بندوقوں کے لیے بارود فروخت کرتی تھی۔
جب کہ کابل پولیس کے کرمنل ڈائریکریٹ کے علی شاہ پکتی وال کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ کار بم سے ہوا ہے۔
اس کے علاوہ صوبہ ہلمند کے شہر شکر گاہ میں ایک خود کش بمبار نے خود کو ہلاک کر لیا۔
کہا جاتا ہے کہ کابل کے جنوبی شہر میں کیے جانے والے اس خود کش حملے کا ہدف نیٹو کا ایک قافلہ تھا۔ تاہم اس حملے میں دو شہری زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بموں نے پھٹنے میں اتنی دیر کر دی کے قافلہ گزر گیا اور خود کش بمبار صرف خود ہی اس کا نشانہ بن سکا۔