http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 10 March, 2007, 14:33 GMT 19:33 PST

مزاحمتی گروپ کے سربراہ گرفتار

عراقی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق القاعدہ تنظیم سے منسلک ایک گروہ کے ’سربراہ‘ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

فوجی ترجمان قاسم موسوی کے مطابق مذکورہ شخص کو جمعہ کو بغداد کے ابو غریب علاقے میں ایک چھاپے کے دوران پکڑا گیا ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا جارہا تھا کہ گرفتار شخص کا نام ابو عمر البغدادی ہے جو عراق کے ایک سنی گروہ کے سربراہ ہیں۔

تاہم فوجی ترجمان نے اب بتایا ہے کہ پکڑا جانے والا شخص عمر البغدادی نہیں ہے۔ ترجمان کے مطابق ’ہم نے جس شخص کو پکڑا ہے وہ القاعدہ کا ایک سینیئر رکن تھا اور ہمیں شک تھا کہ وہی البغدادی ہے تاہم ابتدائی تفتیش سے ثابت ہوا ہے وہ البغدادی نہیں ہے‘۔

عمر البغدادی اس سنی مزاحمتی تنظیم کے سربراہ ہیں جو عراق میں حکومت اور امریکی فوج کے خلاف برسر پیکار ہے۔

کہا جارہا ہے کہ یہ گروپ عراق میں سلسلہ وار حملوں میں ملوث ہے جن میں گزشتہ ہفتے ہونے والا اٹھارہ پولیس اہلکاروں کا اغوا اور قتل بھی شامل ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ گروہ ان عسکریت پسندوں کی کارروائی میں بھی ملوث تھا جنہوں نے شمالی عراق کے شہر موصل کی ایک جیل پر حملہ کرکے 140 قیدیوں کو رہا کروایا تھا۔