http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 07 March, 2007, 12:05 GMT 17:05 PST

شیعہ جماعت حکومت سے الگ

عراق کی ایک شیعہ جماعت نے کہا ہے کہ وہ دیگر شیعہ جماعتوں کے حکومتی اتحاد سے خود کو الگ کر لے گی۔

فضیلہ پارٹی کے پاس دو سو پچہتر ارکان کے پارلمیان میں پندرہ سیٹیں ہیں۔

جماعت کا کہنا ہے کہ وہ اب پارلیمان میں ایک آزاد پارٹی کے طور پر بیٹھے گی، لیکن ساتھ ہی جماعت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ دوسرے سیاسی گروپوں کے ساتھ مل سکتی ہے بشرطیکہ ان گروپوں کی بنیاد فرقہ پرستی پر نہ ہو۔

جماعت کا کہنا تھا کہ عراق میں سیاسی جماعتوں کی فرقوں کی بنیاد پر تقسیم سے سنیوں اور شیعوں کے باہمی تعلقات خراب ہی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل بھی فضیلہ پارٹی اور پارلیمان کے شیعہ بلاک میں شامل چھ بڑی جماعتوں کے درمیان اختلافات منظر عام پر آ چکے ہیں۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ فضیلہ پارٹی کے علیحدگی کے فیصلے سے حکمران یونائیٹڈ عراقی الائنس کمزور پڑ سکتا ہے۔ اس وقت اتحاد کو پارلیمان میں تقریباً اکثریت حاصل ہے۔