Monday, 05 March, 2007, 20:20 GMT 01:20 PST
سعودی عرب کے ایک اخبار میں شائع خبروں کے مطابق زانیوں کے ساتھ عصمت دری کی شکار ایک خاتون کو بھی سزاسنائی گئی ہے۔
مجرموں کو پانچ سال سے دس ماہ تک کی قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ متاثرہ خاتون کو اپنے گھر کے علاوہ دیگر مردوں کے ساتھ تنہا رہنے پر اسّی کوڑے لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایک سعودی اخبار نے متاثرہ خاتون کا انٹرویو شائع کیا ہے جس کے مطابق عصمت دری کی شکار خاتون حیرت میں ہیں کہ آخر انہیں کس بات کی سزا دی جارہی ہے۔
یہ سزا کئی ماہ قبل سنائی گئی تھی جس پر ابھی عمل ہونا باقی ہے۔ سعودی عرب میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک خاتون فوزیہ العونی کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی کی شکار خاتون کو سزا دینا ظلم و جبر کے مترادف ہے۔
اخبار کے مطابق العونی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں عصمت دری کی شکار خواتین کو کوئی مدد نہیں حاصل ہوتی ہے اور اس مذکورہ واقعے میں تو خاتون سے کسی بھی نے ملاقات بھی نہیں کی ہے۔