Wednesday, 28 February, 2007, 00:53 GMT 05:53 PST
کیوبا کے بیمار صدر فیدل کاسترو نے اپنے قریبی اتحادی ونیزویلا کے رہنما یوگو شاویز سے ٹیلیفون پر بات کی ہے جسے براہ راست نشر کیا گیا۔
وینیز ویلا کے صدر کے روزانہ نشر کیے جانے والے ریڈیو پروگرام میں فیدل کاسترو کی گفتگو سنائی گئی۔
کیوبا کے اسی سالہ صدر گزشتہ جولائی سے شدید علیل ہیں اور ان کے متعلق قیاس ہے کہ وہ قولون یعنی بڑی آنت کی کسی بیماری میں مبتلا ہیں۔
ان کی آخری مرتبہ ویڈیو ریکارڈنگ فروری کے آغاز میں دکھائی گئی تھی۔
اس سے قبل جنوری میں وینزویلا کے صدر یوگو شاویز نے ہی کہا تھا کہ فیدل کاسترو زندگی و موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ صدر شاویز کو کاسترو کا بہت قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔
صدر کاسترو گزشتہ سات ماہ کے عرصے کے دوران لوگوں کے سامنے نہیں آئے۔ فروری کی ریکارڈنگ سے قبل انہیں آخری بار اس وقت دیکھا گیا تھا جب انہوں نے اپنے عہدے کے اختیارات اپنے بھائی رال کاسترو کو منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یوگو شاویز فیدل کاسترو کے قریبی ساتھی رہے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اگر کسی کو کاسترو کی صحت کی اصل حالت کا علم ہے تو وہ یوگو شاویز ہی ہیں۔