Friday, 23 February, 2007, 10:03 GMT 15:03 PST
اسرائیلی اخبارات نے وزیرِ دفاع امیر پریز کی ایک تصویر شائع کی ہے جس میں وہ دوربین کی مدد سے فوجی مشقیں دیکھ رہے ہیں جبکہ دوربین کے شیشے ڈھکے ہوئے ہیں۔
یہ تصویر اس وقت لی گئی جب وزیر دفاع ملک کے نئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل غابی اشکنازی کے ہمراہ گولان کی پہاڑیوں پر جنگی مشقیں دیکھ رہے تھے۔
فوٹوگرافر کے مطابق امیر پریز نے ڈھکے ہوئے شیشوں والی دوربین سے نہ صرف تین مرتبہ دیکھا بلکہ اس دوران جنرل اشکنازی کی باتوں پر سر بھی ہلایا۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ وزیر دفاع کے لیے ایک نیا دھچکا ہے۔ گزشتہ برس لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جنگ سے ان کی مقبولیت میں پہلے ہی خاصی کمی آ چکی ہے۔
تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ امیر پریز ڈھکے ہوئے شیشوں سے کسی چیز کا معائنہ کرنے والے پہلے رہنما نہیں ہیں۔
رزنامہ یادیت اہرونونٹ کے مطابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش اور سابق اسرائیلی وزیراعظم ایرل شیرون دونوں یہ حرکت کر چکے ہیں۔