Friday, 23 February, 2007, 09:22 GMT 14:22 PST
امریکہ کے نائب صدر ڈک چینی نے کہا ہے کہ چین کی فوجی پالیسیاں اس کے ایک پرامن عالمی طاقت ہونے کے دعوے سے متصادم ہیں۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے خلا میں موسمیاتی سیارے کی تباہی اور’عسکری قوت میں مسلسل اضافہ‘ تعمیری عمل نہیں اور نہ ہی یہ چین کے پرامن ترقی کے اعلان سے مطابقت رکھتے ہیں۔
چین کا کہنا ہے کہ اس کا حالیہ اینٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ سائنسی مقاصد کے لیے تھا جبکہ مبصرین اسے چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کا مظاہرہ قرار دے رہے ہیں۔
شمالی کوریا کے جوہری معاہدے میں چین کے کردار کے حوالے سے ڈک چینی کا کہنا تھا’چینی یہ جانتے ہیں کہ شمالی کوریا کی جوہری طاقت ان کی اپنی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’تاہم چینی حکومت کے دیگر اقدامات کچھ اور پیغام دیتے ہیں‘۔
امریکی نائب صدر نے شمالی کوریا کے جوہری معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس معاہدے کے حوالے سے اپنی آنکھیں کھلی رکھےگا۔ اپنی تقریر کے دوران ڈک چینی نے آسٹریلوی وزیراعظم جان ہاورڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قدم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بالکل نہیں لڑکھڑائے اور ان کی اس پالیسی کی وجہ سے آسٹریلیا کو عالمی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
امریکی نائب صدر آج کل مشرقِ بعید کے دورے پر ہیں اور وہ جاپان کے دورے کے بعد جمعرات کو آسٹریلیا پہنچے تھے۔