Monday, 19 February, 2007, 14:56 GMT 19:56 PST
روس کا کہناہے کہ اگر پولینڈ اور چیک ریپبلک نے اپنی سر زمین پر امریکی میزائل دفاعی نظام نصب کیا تووہ اس پرحملہ کرسکتا ہے۔
امریکہ پولینڈ اور چیک جمہوریہ میں میزائل ڈیفنس نظام نصب کرنے پر غور کر رہا ہے۔
روس میں’سٹریٹیجک میزائل ٹروپس‘ کے کمانڈر جنرل نکولائی سولوتسو نے کہا’ اگر چیک جمہوریہ اور پولینڈ کی حکومت نے ایسا کوئی فیصلہ کیا تو روس کا سٹریٹیجک میزائل ٹروپس سسٹم اسے اپنا نشانہ بنا سکتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے پر صلاح و مشورہ بھی جاری ہے کہ کونسی ایسی شرائط تلاش کی جائیں جس سے امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم ان ممالک کی سرزمین پر نصب نہ ہوسکے۔
جنرل نکولائی سولوتسو نے زور دیکر کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ پولینڈ کے ساتھ ہو۔’ اگر پولینڈ اور دوسرے علاقوں میں اس طرح کے ڈیفنس سسٹم کو بڑھاوا دیا گیا تو اس سے دونوں جانب سے زبردست فوجی کارروائی کا خطرہ ہے۔‘